غزہ میں نسل کشی روکنا عالمی مطالبہ ہے: اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر کا بیان

 نیویارک – ارنا – اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر نے یوم نکبہ کی مناسبت سے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کو روکنا اور صیہونی حکومت کے جرائم کی عدالتی تحقیقات کا آغاز عالمی مطالبہ ہے

ارنا  کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر نے اپنے سماجی رابطے کے ایکس پیج پر ایک فلم پوسٹ کرکے لکھا ہے کہ یوم نکبہ فلسطینی قوم کی 76 برس سے جاری دربدری اور اور سرزمین فلسطین پر غاصبانہ قبضے کے آغاز کا دن ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں نسل کشی روکنا اور غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی تحقیقات کرانا عالمی مطالبہ ہے۔

اس سے پہلے اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرکے کہا تھا کہ کہ 14 مئی 1948 کو  نکبہ اور مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق، بالخصوص ان کے حق خود ارادیت کی کھلی پامالی کا دور شروع ہوا اور 76 سال سے اس کے منحوس سائے اس پورے خطے اور عالم اسلام پر سایہ فگن ہیں اور آج  اسلامی دنیا کے پیکر پر یہ ایک گہرے زخم اور ناسور میں تبدیل ہوچکا ہے۔

ایران کے دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یوم نکبہ برطانوی سامراج کی سازش سے قلب عالم اسلام میں غاصب اور نسل پرست صیہونی حکومت کی تشکیل کا دن ہے۔یہ دن دنیا کی سامراجی طاقتوں کو حمایت سے سرزمین فلسطین پر قبضے، مسلمان فلسطینی عوام کی نسل کشی، قتل عام، دربدری اور بے حرمتی کے آغاز کا دن ہے جس کا سلسلہ 76 برس گزرجانے کے بعد آج بھی امریکا اور دیگر مغربی سامراجی طاقتوں کی حمایت سے جاری ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت دنیا میں منظم دہشت گردی کی علامت ہے جو اپنے وحشیانہ جرائم کی کتاب میں ہر روز ایک نئے شرمناک صفحے کا اضافہ کررہی ہے اور   ہ غزہ کے ناصر اور الشفا اسپتالوں میں ملنے والی اجتماعی قبروں نے بشریت کے خلاف سفاک اور ظالم صیہونی حکومت کی وحشتناک تصاویر دنیا کی سامنے پیش کی ہیں۔

   وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی، اور صیہونی حکومت کے  جنگی نیز انسانیت کے خلاف جرائم تمام مسلمہ بین الاقوامی اصول وقوانین کی پامالی کے مترادف ہیں اور ان کے مرتکبین کے خلاف عدالتی اور قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔  

بیان میں کہا گيا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران غزہ پر صیہونی حکومت کے حملوں میں عورتوں اور بچوں سمیت  پینتس ہزار سے زیادہ  بے گںاہ فلسطینی شہریوں کے قتل عام اور 75 ہزار سے زیادہ کو زخمی  نیز لاکھوں فلسطینیوں کو بے گھر کئے جانے  کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے یوم نکبہ فلسطین کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اب جبکہ برسوں سے جاری  مظلوم نمائی کی  نقاب ہٹ چکی ہے اور اسرائیلی حکومت کی حقیقی اپارتھائیڈ تصویر دنیا کے سامنے آچکی ہے  نیز عالمی رائے عامہ اس غاصب حکومت کی گھناؤنی ماہیت سے باخبر ہوگئی ہے اور اسی کے ساتھ اس جعلی حکومت کا اندرونی اختلاف بھی طشت از بام ہوچکا ہے تو امید کی جاتی ہے کہ مظلوم، حریت پسند اور پائیدار فلسطینی عوام کے خلاف جاری نکبہ اور حقیقی ہولوکاسٹ بند ہوگا اور دنیا اس سرزمین کی آزادی کا جشن منائے گی۔    

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .